سرگودھا:گردوں کی غیر قانونی خرید و فروخت,کڈنی مافیا کا کارندہ گرفتار

سرگودھا (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) سرگودھا کے نواحی علاقے 36 شمالی میں غربت کے ہاتھوں مجبور افراد اپنے گردے فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ پولیس نے گردوں کی خرید و فروخت میں ملوث قیصر نامی شخص کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم قیصر سادہ لوح افراد کو رقم کا جھانسہ دے کر گردے فروخت کرنے کے لیے لاہور لے جاتا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ دو افراد، محمد الیاس اور محمد اسلم، پہلے ہی اپنے گردے فروخت کر کے رقم حاصل کر چکے ہیں۔
تھانہ صدر پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی گردوں کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث پورے گینگ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تحصیل کوٹ مومن کے علاقے بچہ کلاں کے مکین بھی مہنگائی اور غربت کے باعث اپنے گردے فروخت کر چکے ہیں، جس نے معاشرتی مسائل کو اجاگر کیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔