سرگودھا میڈیکل کالج کے زیراہتمام دوسری نیشنل”فیوچر میڈیسن “کانفرنس کا انعقاد

0
32

سرگودھا۔24اگست(اے پی پی)سرگودھا میڈیکل کالج کے زیراہتمام دوسری نیشنل”فیوچر میڈیسن 2019ء“کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ دو روزہ کانفرنس میں میڈیکل و دیگر نیچرل سائنسز کے ماہرین کے علاوہ کثیر تعداد میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے سکالر زشریک ہوئے اوراپنے مقالات میں ”شعبہ طب میں آنیوالی جدت“ کے مختلف پہلوؤں پر مفصل بحث کی۔کانفرنس کے انعقاد سے جدید طریقہ سے امراض کی تشخیص و علاج کے بارے میں طلبہ کو رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ صحت کے نظام کو مضبوط کیا جا سکے۔ پبلک و پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے نوجوان طبی ماہرین کے علاوہ دیگر میڈیکل پروفیشنلز بشمول فزیو تھراپسٹ،لیبارٹریز کے ماہرین،ٹیکنالوجسٹس، نیورالوجسٹ، سرجنز اور محققین نے مقالات پیش کیے، ماہرین نے دور حاضر میں انسانوں کو درپیش خطرناک اورناقابل علاج سمجھے جانے والے موذی و جان لیوا امراض کا خاتمہ کرنے کیلئے جدید تحقیق کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف طریقہ علاج پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ تیز رفتار ترقی کے اس دور میں میڈیکل کی فیلڈ میں بھی برق رفتار تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، آنے والے وقتوں میں طریقہ علاج قدرے مختلف ہوگا،روائتی طب کا دورختم ہونے کو ہے اس کی جگہ جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے علاج کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق احمد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی آمد سے طب کے شعبہ میں انقلاب برپا ہو چکا ہے، ہمیں چاہیے کہ علاج کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائیں،طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ سکالرز کے پیش کردہ مقالات سے نتائج اخذ کرتے ہوئے جدید تحقیق اور طریقہ علاج میں پیشرفت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ لیکچر سننے کے بعد تنقیدی سوچ کو اپناتے ہوئے ماہرین سے سوالات کریں تاکہ ان کی سوچ میں وسعت آ سکے۔کانفرنس میں 50سے زائد ماہرین نے مقالات اور پوسٹر پریزنٹیشنز پیش کیں۔شرکاء نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر یونیورسٹی و فیکلٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے امراض کی تشخیص اور علاج معالجہ کے دوران درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنے اور اس حوالے سے جدید تحقیقات کو سامنے لانے میں مدد ملی اور اس علم کو بروئے کار لاتے ہوئے صحت عامہ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور یہ کہ اس کانفرنس کے ذریعے میڈیکل سائنسز کے ماہرین، محققین کو ایک دوسرے کے قریب لاکر شعبہ طب کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کا بہتر سے بہتر حل تلاش کرنے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ ملا۔تقریب کے اختتامی سیشن میں مہمانان گرامی میں سووینئر تقسیم کیے گئے۔

Leave a reply