سرگودھا :کرائے کے قاتلوں کا نیٹ ورک کا انکشاف، عوام خوفزدہ

سرگودھا(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ)کرائے کے قاتلوں کا نیٹ ورک کا انکشاف، عوام خوفزدہ

تفصیلات کے مطابق سرگودھا ضلع بھر میں قتل اور اقدام قتل کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع میں کرائے کے قاتلوں کا ایک منظم نیٹ ورک فعال ہے جو چند لاکھ روپے کے عوض کسی کو بھی جان سے مارنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔ واردات کے بعد یہ قاتل روپوش ہو جاتے ہیں اور مقتول کے لواحقین اپنے مخالفین کے خلاف مقدمات درج کروا دیتے ہیں۔

اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ قتل کے اصل ذمہ دار یعنی قتل کروانے والے اور کرائے کے قاتل دونوں تفتیش کے دوران رعایت حاصل کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو پاتے اور جرائم میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

پولیس کی کارکردگی صرف اتنا ہی ہے جو صرف مقدمات درج کرنے تک محدود رہتی ہے۔ بعض اوقات دشمنی والے افراد کے خلاف اسلحہ رکھنے کے باوجود مقدمات درج کر لیے جاتے ہیں، جس سے عام شہری اپنی حفاظت کے لیے ہتھیار رکھنے سے بھی کتراتے ہیں اور اپنے مخالفین کے ہاتھوں آسانی سے نشانہ بن جاتے ہیں۔

عدالتی نظام اور تفتیشی نقائص بھی ان واقعات میں اضافے کا ایک بڑا سبب ہیں۔ قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو رعایت دی جاتی ہے اور تفتیش کے دوران کرپشن کے معاملات بھی سامنے آتے ہیں، جس کی وجہ سے ملزمان عدالت سے ضمانت پر رہا ہو جاتے ہیں۔ یہ صورتحال متاثرین میں بدلے کے جذبات کو بڑھاتی ہے اور علاقہ مزید بدامنی کا شکار ہو جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کرائے کے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ان کا نیٹ ورک مکمل طور پر ختم ہو سکے۔ قتل کے مقدمات کی غیر جانبدار تفتیش یقینی بنائی جائے اور ملوث افراد کو سخت سزائیں دی جائیں۔ پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کو علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ انصاف کے فقدان اور سزاؤں کے نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنی دشمنیوں کو ختم کرنے کے بجائے مزید بڑھا رہے ہیں، جس سے علاقہ بدامنی کا شکار ہو رہا ہے۔ عوام نے وزیراعظم پاکستان اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان مسائل کو فوری حل کیا جائے تاکہ علاقے میں امن بحال ہو سکے۔

Comments are closed.