سرگودھا: چھ ماہ میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی، پولیس کی کارکردگی رپورٹ جاری
سرگودھا (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ)سرگودھا میں ڈی پی او کی سربراہی میں پولیس کی بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سرگودھا پولیس نے ماہ اکتوبر 2024 کی کارکردگی رپورٹ جاری کی جس کے مطابق مختلف نوعیت کے سنگین جرائم میں خاطرخواہ کمی نظرآئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ چھ ماہ میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 66 فیصد کمی آئی، کم عمر بچیوں سے زیادتی کی وارداتوں میں 57 فیصد کمی، اقدام قتل کے واقعات میں 54 فیصد کمی، بچوں سے بدفعلی کے واقعات میں 52 فیصد کمی، کار چوری کی وارداتوں میں 47 فیصد کمی، موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں 44 فیصد کمی، راہزنی کی وارداتوں میں 28 فیصد کمی، موٹرسائیکل چوری میں 26 فیصد، قتل کی وارداتوں میں 22 فیصد اور چوری کی وارداتوں میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ خواتین سے زیادتی کے کیسز میں بھی 20 فیصد کمی اور نقب زنی کی وارداتوں میں 18 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی۔
ماہ اکتوبر 2024 کے دوران برآمدہ شدہ مال مسروقہ کی مالیت تقریباً 5 کروڑ 73 لاکھ روپے رہی، جو قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران 362 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر 223 مقدمات درج کیے گئے۔ برآمدہ شدہ غیر قانونی اسلحہ میں 15 کلاشنکوف، 19 رائفل، 35 بندوقیں، 159 پستول اور 1254 گولیاں شامل ہیں۔
اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 175 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 81.85 کلو چرس، 2.7 کلو ہیروئن، 3.2 کلو افیون، 700 لیٹر لہن اور 5601 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 12 خطرناک گینگز کو بھی گرفتار کیا۔
ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے گی اور قانون شکنی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم کے خاتمے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سرگودھا کو ایک محفوظ اور پُرامن شہر بنایا جا سکے۔