سرگودھا،باغی ٹی وی ( ادریس نواز چدھڑ سے ) طارق آباد بستی کی صورت حال مرد و خواتین بچے پریشان ، نہ غریبوں کو آٹا نہ نگہبان رمضان پیکج ، غریب دھکے کھانے پر مجبور ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا رمضان نگہبان پروگرام بری طرح ناکام رہا ۔ طارق آباد بستی کی غریب مرد و خواتین بچوں کے ہمراہ روزہ کی حالت میں نگہبان رمضان پیکج اور دس کلو آٹے کیلئے دربدر ہو گئے ۔
ذرائع کے مطابق نگہبان پروگرام کے نتائج انتظامیہ سمیت سرکاری محکموں کی مبینہ نااہلی ، غلطیوں اور بدعنوانی کے باعث وہ برآمد نہیں ہو سکے ، جس کی امید کی جا رہی تھی ،مستحقین کو گھر تک راشن کی فراہمی کا ایک مقصد ان کی عزت نفس کو برقرار رکھنا اور حکومت کی غریب عوام کیلئے گھر کی دہلیز پر خدمت کے جذبہ کو بھی اجاگر کرنا تھا ۔ تمام تر کوششوں کے باوجود مستحقین پروگرام سے اس طرح مستفید نہیں ہو سکے اور لائنوں میں دھکے کھا رھے ہیں ۔
پروگرام میں صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل مستحقین کو شامل کیا گیا ، حالانکہ اس بے نظیر پروگرام میں شامل مستحقین کی شفافیت پر سوال اٹھ رہے ہیں ۔ اور بڑی تعداد میں غیر مستحق خواتین بھی اس پروگرام میں شامل ہیں ۔ پروگرام کو وسیع بنانے کیلئے زکوٰۃ ، بیت المال سے امداد اور براہ راست درخواست دینے والوں کو بھی رمضان نگہبان پروگرام میں شامل کرنا ضروری تھا ۔
اب وہ خاندان جنہیں امداد نہیں ملی وہ مایوس اور حکومت کی نااہلی پر بددعائیں دے رہے ہیں ۔ بلاشبہ حکومت نے مستحقین کو گھر گھر راشن پہنچانے کی بھرپور کوشش کی مگر سامان کو مختلف علاقوں میں لے جا کر بااثر سیاسی شخصیات کے ڈیروں پر رکھا گیا اور وہاں مستحقین کو بلا کر نہ صرف سیاسی مجمع لگایا گیا بلکہ ان کا تماشہ بھی بنایا گیا ۔
جس سے مستحقین کاوقار اور عزت نفس مجروح ہوئی ۔ بہت سے ایسے مستحقین ہیں جو سامان کی فراہمی کے وقت گھروں پر موجود نہیں تھے یا ان سے موبائل پر رابطہ نہیں ہو سکا ایسے افراد کو ابھی تک امداد نہیں ملی اور وہ دربدر ہیں ۔