سرگودھا: تھانہ کینٹ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس ناکام
سرگودھا (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ) تھانہ کینٹ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں تین موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں سامنے آئی ہیں، جب کہ گن پوائنٹ پر ایک شہری سے موبائل اور بھاری نقدی لوٹنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ وارداتوں کے مسلسل ہونے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں پہلی واردات زم زم ہوٹل کے قریب ہوئی جہاں چور موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گئے۔دوسری واردات ڈیفنس ٹاؤن 49 ٹیل کے علاقے میں پیش آئی۔تیسری واردات پی ایچ اے پارک کے باہر ہوئی، جہاں چور بڑی آسانی سے موٹر سائیکل چرا کر فرار ہو گئے۔
ان تینوں واقعات میں چور کسی بھی مزاحمت یا روک تھام کے بغیر فرار ہونے میں کامیاب رہے اور پولیس تاحال چوروں کا کوئی سراغ لگانے میں ناکام ہے۔
ایک اور واقعے میں سبحان وسیم نامی شہری کو ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔ ڈاکو اس سے نہ صرف موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے بلکہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے نقدی بھی لے اڑے۔واردات کے بعد شہری نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی لیکن پولیس کی جانب سے اب تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
وارداتوں کے بعد شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس شدید ہو چکا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں اور پولیس کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
تھانہ کینٹ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں نے ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور آر پی او سرگودھا سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے فوری کارروائی نہ ہونے کی صورت میں علاقے میں جرائم مزید بڑھ سکتے ہیں۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے چوروں اور ڈاکوؤں کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور علاقے میں پولیس گشت اور سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس ہو۔