سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) یونین کونسل 64 دھریمہ کے سیکرٹری محمود الحق پر بااثر افراد کی جانب سے سرعام تشدد اور کپڑے پھاڑنے کے واقعے پر پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کیے جانے پر مقامی حکومت کے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے دفتر کے باہر یونین کونسل سیکرٹریز نے شدید احتجاج کیا اور پولیس کی خاموشی کے خلاف نعرے بازی کی۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر کسی سرکاری ملازم کے ساتھ اس طرح کا ناروا سلوک روا رکھا گیا تو یہ تمام ملازمین کی عزت و وقار پر حملہ ہے، اور وہ ایسے کسی اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر کسی کو کسی ملازم سے شکایت ہو تو متعلقہ افسران سے رجوع کیا جائے، پگڑی اچھالنے اور سرعام تذلیل کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔

اس دوران ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے مظاہرین سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ پولیس حکام سے رابطہ کرکے مقدمہ درج کرانے اور ملزمان کی گرفتاری کی استدعا کریں گے۔ انہوں نے سیکرٹریز سے احتجاج کل تک مؤخر کرنے کی اپیل کی جسے تسلیم کرتے ہوئے مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

یونین کونسل ملازمین نے واضح کیا ہے کہ اگر ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی نہ کی گئی تو اگلے مرحلے میں پورے ضلع کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔

Shares: