سرگودہا یونیورسٹی یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی
سرگودھا(نمائندہ باغی ٹی وی) مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کیلئے سرگودھا یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، سٹاف اور طلباء و طالبات نے ریلی نکالی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کشمیروں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا جائے اور بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ طلبہ نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اور پلے کارڈز لہرائے، کشمیر کی آزادی کیلئے باآواز بلند نعرے لگائے اور دنیا کو پیغام دیا کہ ہر پاکستانی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیر کی آزادی کیلئے ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اسلام ہمیں اخوت و انسانی ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ بحیثیت انسان اور مسلمان یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کی آواز بنیں اور ہر فورم پر کشمیر کی آزادی کیلئے آواز اٹھائیں۔ شرکاء نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانا ہے اور دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز کرانی ہے۔ طلباء نے یہ پیغام دیا کہ وہ کشمیر کو آزادی دلا کر رہیں گے۔ ہر پاکستانی کا دل آزادی کے متلاشی کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور یہ پکارتا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور اس حق کو کوئی بھی کشمیریوں سے نہیں چھین سکتا۔