ساہیوال:عیدالاضحیٰ اور یوم آزادی،کمشنر نے کیے اہم فیصلے

0
33

ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ عید الاضحی اور یوم آزادی کے مبارک دنوں میں عوام کے جان ومال کی حفاظت،صفائی کو بہترین بنانے اور جانوروں کی آلائشوں کو فوری ٹھکانے لگانے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے کسی بھی عوامی شکایت پر فوری کارروائی کریں گے،انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں عیدالاضحیٰ اور یوم آزادی کے دوران سیکیورٹی اور صفائی کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد زمان وٹو،احمد کمال مان اور مریم خان،ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی-انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر تمام عید گاہوں کے گرد صفائی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرلیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی-انہوں نے میونسپل اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے ترتیب شدہ پلان کو جلد ازجلد حتمی شکل دی جائے تاکہ آلائشوں کو فوری اٹھایا جا سکے-کمشنر ندیم الرحمن نے صفائی سے متعلقہ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی-انہوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ کو ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر ڈاکٹروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور خصوصی بیڈز بھی مختص کئے جائیں-انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور دوسرے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ دونوں دنوں کے لئے جن سرکاری ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ان کی حاضری کو سو فیصد یقینی بنایا جائے جبکہ ون ویلنگ کی روک تھام اور گاڑیوں کی مناسب پارکنگ پر بھی توجہ دی جائے-انہوں نے یوم آزادی کو قومی جوش و جذبے سے منانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی بھی خصوصی ہدایت کی۔ 

Leave a reply