سعودی وزیر دفاع کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے ملاقات کی-
باغی ٹی وی : ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت، ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا،وزیر اعظم نے پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر سعودی وزیر دفاع کو مبارکباد دی،سعودی وزیر دفاع نے وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہارکیاملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
https://x.com/pmln_org/status/1771506681354019312?s=20
سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کا پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج کی پریڈ میں پاکستان کی افواج کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
https://x.com/pmln_org/status/1771508431024742442?s=20
وزیراعظم نے کہا کہ ہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ ،گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کیساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہےسعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ،میرے بطور وزیراعظم پچھلے دور میں سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے کلیدی کردار ادا کیا۔
علاوہ ازیں صدر مملکت آصف زرداری سے بھی سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ آصف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
دوران ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے باہمی مفاد کیلئے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مشترکہ عقیدے اور تاریخی تعلقات سے عبارت ہے۔
https://x.com/PresOfPakistan/status/1771442427389243691?s=20
صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا اور مشکل وقت میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت پر سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، صدر مملکت نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے وژن کو بھی سراہا۔
سعودی وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تاریخی، اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون ہے، دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے، تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، سعودی عرب علاقائی خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔