کشمیری قوم کے لیےسیدعلی گیلانی اوریاسین ملک کو راتوں کو روتے دیکھا:مشعال ملک

0
26

راولپنڈی:مشعال ملک نے کہا ہے کہ حریت رہنما سیدعلی گیلانی اوریاسین ملک کواپنی قوم کے لئے راتوں کو روتے دیکھا ہے۔راول پنڈی بارکونسل سے خطاب کرتےہوئے کشمیری رہنما مشعال ملک نے کہا کہ پاکستانیوں نے جو محبت مجھے دی وہ کوئی نہیں دے سکتا۔ انھوں نے کہا کہ اللہ نے مجھے اتنے بڑے مرد مجاہد (یاسین ملک) کی بیوی بننا نصیب کیا اس پر مجھے کوئی غرور نہیں ہے۔

 

حریت رہنما علی گیلانی سے متعلق مشعال ملک کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی محبت پاکستان کے ساتھ تھی،اتنے بڑے رہنما کے ساتھ جو سلوک بھارتی فوج نے کیا ایسا کبھی نہیں ہوا۔انھوں نے کہا کہ جب تک ہم تاریخ کونہیں سمجھیں گے اس وقت تک ہماراعمل درست نہیں ہوگا۔

 

مشعال ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ سید علی گیلانی جس بات پر اڑجاتے تھے تو ان کو اس مقصد سے کوئی پیچھے نہیں کرسکتا تھا۔ جس دلیری سے کشمیری قوم نے نریندر مودی کا مقابلہ کیا اس سے متعلق تاریخ بتائے گی۔مشال نے کہا کہ ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہا‘ کا نعرہ سید علی گیلانی نے لگایا تھا۔

 

مشعال نے کہا کہ 249 سال قبل بابا بلھے شاہ کے جسد خاکی کی بھی بے حرمتی کی گئی تھی جس کے جنازے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ گیلانی کی نماز جنازہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور تدفین کے بعد بھی ان کی قبر کو سب جیل قرار دیا گیا جو کہ بھارتی حکومت کے ناقابل تصور خوف کی عکاسی کرتا ہے۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیری عوام نےسید علی شاہ گیلانی کی پہلی شہادت کی برسی پر مقبوضہ وادی کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن کیا تاکہ ہندوتوا حکومت کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ کشمیری عوام کو دیرینہ حق خودارادیت کے حصول کے اپنے مشن کی تکمیل تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کشمیری عوام نے اپنی لازوال قربانیوں سے آزادی کو زندہ رکھا اور وہ اس تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے جو بھی ہو۔چیئرپرسن نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک آتش فشاں ہے جو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اس لیے دنیا کو اقوام متحدہ کے متفقہ فارمولے کے مطابق حل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

اس موقع پر ارشد مجید ملک ایڈووکیٹ صدر بار راولپنڈی، سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ مبشر رفیق، سابق صدر ہائی کورٹ سردار عبدالرزاق اور سبین حسین سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Leave a reply