سیاسی قائدین اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے مل کر کام کریں،حافظ محمد طاہر اشرفی

0
22

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین الامذاہب وہم آہنگی و مشرق وسطی اور چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کو امداد کی نہیں بلکہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، سیاسی قائدین اپنے اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے مل کر کام کریں،پاک فوج سیلاب زدگان کی امداد کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے،فلسطین کی مکمل آزادی تک ریاست پاکستان اور عوام اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجدبحریہ ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ اس وقت ملک میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے اور بڑے پیمانے پرلوگ متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انکی فوری امداد اور بحالی کے لئے ہمیں اپنے تمام کام چھوڑ دینے چاہیں اور ملک کی سینئر سیاسی قیادت کو اپنے اختلافات بھلاکر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلی سے رابطہ کر کے اجلاس بلانے کا کہا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ناگہانی آفات سے بچنے کے لئے اللہ تعالی سے اجتماعی معافی مانگنی چاہیے اور اپنے گناہوں پر توبہ کرنی چاہئے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لئے مخیر خضرات کو بھی آگے آنا چاہیے اور وہ فلاحی تنظیمیں جو امداد میں مصروف عمل ہیں ان کو آپس میں باہمی رابطہ کرکے علاقے تقسیم کرلینے چاہئے تاکہ ضرورت مندوں کی یکساں امداد ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے عرب ممالک نے بھی اعلان کیا ہے اور ہم خواہش مند ہیں کہ برادر اسلامی ممالک یہاں پر سرمایہ کریں ۔

انکا کہنا تھا کہ قطر حکومت نے بھی پاکستان میں دو سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب سمیت تمام مسلم ممالک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں وہ اب بھی سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کریں گے۔

Leave a reply