نارووال کے نواحی علاقے علی آباد میں واقع ایک نجی اسکول میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک طالبعلم نے کلاس کے دوران فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین بچے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ طالبعلم گھر سے پستول لے کر اسکول آیا تھا۔ واقعے کے وقت وہ اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ شرارتیں کر رہا تھا کہ اچانک پستول چل گئی، جس سے تین طلبہ کو گولیاں لگیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال نارووال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے بچے کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پستول بچے کے والد کی ملکیت ہے۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے والد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ اسکول انتظامیہ کی لاپرواہی کے پہلوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق دو طلبہ اور اسکول پرنسپل کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اسکول میں اسلحہ لانے اور استعمال ہونے میں کس کی کوتاہی شامل تھی۔مزید برآں، پولیس نے انکشاف کیا کہ اسکول کے ایک اور طالبعلم کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے جس پر شبہ ہے کہ وہ پستول کے لیے گولیاں لانے میں ملوث تھا۔








