سیکٹری بلدیات کی ترجیح
سیکرٹری بلدیات، ہائوسنگ و ٹائون پلاننگ سندھ سید نجم احمد شاہ کی سربراہی میں غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں کے تدارک کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسپیشل و ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات ،ڈی جی ایس بی سی اے شمس الدین سومرو، آباد اور سول سوسائٹی نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید نجم احمد شاہ کو بتایا گیا کہ شہر میں واقع مختلف علاقوں کے اندر موجود غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاون روازنہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ شرکا میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ وزیر اعلی و وزیر بلدیات سندھ کی ہدایات کی روشنی میں شہر کے اندر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے رجحان کی پوری قوت سے بیخ کنی کی جائے اور کسی بھی طرح کی رعایت و نرمی کا ہرگز مظاہرہ نہ کیا جائے
نجم احمد شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے کی عوام کے لئے سستی و تنازعات سے پاک رہائشی اسکیموں کے فروغ پر یقین رکھتی ہے مگرکسی بھی صورت ناجائز قبضے اور تجاوزات کے پھیلاو کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیکرٹری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے مکروہ فعل میں اگر کوئی بھی سرکاری اہلکار بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نجم احمد شاہ نے واضع کیا کہ رہائشی اسکیموں کے نام پر جن لوگوں سے رقومات وصولی کی گئی ہیں ان کو جلد از قبضہ فراہم کیا جائے اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے کہاکہ کراچی اور صوبے بھر میں لوگوں کے لئے سستی اور محفوظ رہائش حکومت سندھ کی بنیادی ترجیح ہے۔ محکمہ بلدیات سندھ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے لوگوں کو نجات دلائی جائے اور ناجائز قبضے کے سرپرستوں کو لگام ڈال کر عوام کو مستقل ریلیف فراہم کیا جائے