کوئٹہ:بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، 2 سپاہی شہید ،اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے تمپ میں دہشتگردوں نے فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی انشااللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے تمپ میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، یہ چیک پوسٹ دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے قائم کی گئی تھی۔
ادھر اس حوالے سے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری جواب دیا گیا، جس سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا، جھڑپ کے دوران سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی انشااللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں، بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کا سفر متاثر ہونے نہیں دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کل وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت جلد بلوچستان سے دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اوراللہ کے فضل سے یہ پورا خطہ امن کا گہوارہ بن جائے گا ،
شیخ رشید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بلوچستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والی قوتیں پاکستان کونقصان پہنچانا چاہتی ہیں ، اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان کومحفوظ بنانے کے لیے بلوچستان کومحفوظ بنانا پہلے ضروری ہے
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت جہاں بیرونی سازشوں کا مقابلہ کررہا ہےوہاں بیرونی مدد کے حامل پاکستان مخالف اندورنی ایجنٹوں سے بھی نبرد آزما ہے ، بہت جلد حالات بہترہوجائیں گے