خیبر ایجنسی، پاک۔افغان طورخم سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی اور غیر قانونی سامان کی بھاری کھیپ پکڑ کر قومی خزانے کو بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ہفتہ کے روز سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کی، جس میں مجموعی طور پر 358 ملین روپے مالیت کا 43 ٹن غیر ملکی و ممنوعہ سامان تحویل میں لیا گیا۔کارروائی کے دوران مختلف ممالک کی جعلی کرنسی بھی برآمد ہوئی جن میں بھارتی کرنسی،سعودی ریال،افغان افغانی،امریکی ڈالرشامل ہیں،ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ کرنسی غیر قانونی طریقوں سے پاکستان کے اندر پھیلائی جا رہی تھی جو مالیاتی نظام کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی تھی۔
پکڑے گئے غیر ملکی و ممنوعہ سامان میں آتش بازی کا سامان،بڑے پیمانے پر سگریٹس،غیر قانونی موبائل فونز،منشیات (ڈرگز)،پان اور گٹکا،ممنوعہ ادویات،دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں،سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ تمام سامان طورخم سرحد کے راستے پاکستان میں داخل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، جس کا مقصد مقامی مارکیٹ کو متاثر کرنا تھا۔تمام برآمد شدہ مال کو لنڈی کوتل ایف سی چھاؤنی میں باقاعدہ کارروائی کے بعد تلف کر دیا گیا۔تلفی کا عمل کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل سعید احمد کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ طورخم سرحد پر چیکنگ سسٹم مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں اسمگلنگ اور جعلی کرنسی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ناکام بنایا جا سکے۔
علاقے کے عوام نے بھی اس کامیاب کارروائی کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقے میں ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں تاکہ غیر قانونی تجارت پر مکمل کنٹرول ممکن بنایا جاسکے۔








