مون سون بارشیں،سیلابی ریلے جنوبی پنجاب کے علاقوں میں داخل

0
35

بلوچستان میں مون سون بارشوں سے مختلف حادثات میں اب تک 69 افراد جاں بحق جبکہ 432 مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔

باغی ٹی وی : بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر حصے میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے حکومت بلوچستان نے بارشوں سے متاثرہ 9 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مشرقی بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں رابطہ سڑکیں متاثرہوئی ہیں جبکہ شہریوں کو بارش میں بلوچستان پنجاب بارڈرشاہراہ استعمال کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

کوہ سلیمان اور فورٹ منرو میں بارش کے بعد سیلابی ریلے جنوبی پنجاب کے علاقوں میں داخل ہوگئے اور سوناری پل کا ایک حصہ دوبارہ سیلابی ریلےمیں بہہ گیا۔

اس کے علاوہ کوہلو کا کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ مچھ میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور مچھ پل بہہ جانے سے آمدورفت بھی معطل ہے۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش سے موسم خوشگوار لیکن شہر کی بعض سڑکوں اور پلوں پر پانی جمع ہو گیا لاڑکانہ، میرپورخاص اور گرد و نواح میں بھی صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد گرمی کی شدت کچھ حد تک کم ہوگئی۔

حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں درخت گرنے سے 11 کلو واٹ کی تاریں ٹوٹ گئیں جس کے باعث کئی گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے اور شدید گرم موسم کے باعث شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے سسٹم کی شدت اب بھی بر قرار ہے، سندھ کے مختلف مقامات پر اس سسٹم نے اچھی بارش برسائی ہے، سسٹم 18 جولائی تک سندھ پر اثر انداز رہے گا۔

بلوچستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے امداد کی فراہمی جاری ہے ،این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب زدگان کیلئے مزید ایک ہزار رہائشی خیمے فراہم کر دیئے ہیں ،اس سے قبل پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کو 300 رہائشی خیمے مہیا کئے تھے،خیمے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے حوالے کر دئیے گئے-

محکمہ موسمیات نے آج سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے لاہور میں جزوی طور پر مطلع ابرآلود رہے گا –

Leave a reply