سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کے لئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ بھی قائم، قوم دل کھول کر عطیات دے،وزیراعظم

0
40

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی فوری مالی امداد کےلئے 37.2 ارب روپے کے فلڈریلیف کیش پروگرام کے تحت رقوم کی تقسیم کا عمل تیزکر دیا گیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کے لئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے .

سیلاب میں جاں بحق ہونےوالے افرادکے لواحقین کوفی کس 10 لاکھ روپے جبکہ ہر متاثرہ گھر کی تعمیر نو کے لئے 5 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے، این ڈی ایم اے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مالی امداد کے لئے پرائم منسٹر فلڈ ریلیف کیش تعاون پروگرام کا بلوچستان کے ضلع جھل مگسی سے آغاز کیا گیا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے جذبے اور لگن سے دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم کے تحت ملک بھر خصوصا بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی امدادی کوششیں تیزی سے جاری ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیاں اور صوبائی اور مقامی حکومتوں اور انتظامیہ کی طرف سے سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقلی، راشن اور ریلیف کے سامان، خیموں، بستر، ڈی واٹرنگ پمپس اور کشتیوں کی فراہمی، رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے جبکہ وزیر اعظم خود بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا عزم ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم وطنوں کا ساتھ نبھائیں گے اور سیلاب متاثرین کو پھر سے آباد کر کے دکھائیں گےِ، متاثرہ خاندانوں اور علاقوں کی رونقیں اور مسکراہٹیں لوٹا ئیں گے۔ پرائم منسٹر فلڈ ریلیف کیش تعاون پروگرام کا بلوچستان کے ضلع جھل مگسی سے آغاز کر دیا گیاہے اور فی خاندان پچیس ہزارروپے فراہم کئے جائیں گے۔ رقم کی ترسیل کے لئے ملک بھر میں خصوصی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، شادی شدہ خواتین اور بیوائوں کو ترجیحی بنیادوں پر مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ سیلاب متاثرین اہلیت جاننے کے لئے اپنا قومی شناختی نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کریں ، نادرا ریکارڈ سے تصدیق کے بعد سیلاب میں جاں بحق 493 افراد کے لواحقین میں دس دس لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے این ڈی ایم اے کو سیلا ب زدہ علاقوں میں ریسکیو ریلیف آپریشن کے لئے 5ارب روپے کی فراہمی کی گئی ہے، اس کے علاوہ گھروں کی تعمیر نو کے لئے پانچ لاکھ روپے فی گھر دیئے جائیں گے ۔ پرائم منسٹر ریلیف فنڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے جس میں عوام اپنے عطیات جمع کرا سکتے ہیں، پرائم منسٹر ریلیف فنڈ اکائونٹ نمبر G-12164 ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر مشکل گھڑی میں اپنوں کا ساتھ دینے کے عزم کے تحت وزیراعظم فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ 15لاکھ مستحق خاندانوں کے 90 لاکھ افراد کے لئے بائیومیٹرک تصدیق سے پچیس ہزار روپے فی خاندان متاثرہ علاقوں میں شراکت دار بینکوں کے خصوصی کیمپس کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی جائے گی جس کے لئے 8171 سے انہیں رہنمائی ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔

اس کے علاوہ سروے کی تکمیل کے بعد ہر متاثرہ گھر کی تعمیر نو کے لئے پانچ لاکھ روپے فی گھر اور جان بحق افراد کے ورثا کے لئے دس لاکھ روپے فی خاندان امداد دی جائے گی ۔ دستیاب معلومات کے مطابق اس ضمن میں اب تک 542 میں سے 493جاں بحق افراد کے لواحقین کو بذریعہ چیک ادائیگی کی جا چکی ہے اور ریلیف آپریشن کے لئے این ڈی ایم اے کو پانچ ارب کی فراہمی کر دی گئی ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے خادم کے طور پر متاثرین سیلاب کو یہ یقین دلایا ہے کہ جب تک آخری گھر آباد نہیں ہوتا میں چین سے نہیں بیٹھوں گااور میرا آپ سے یہ وعدہ ہے ۔ وزیر اعظم نے قوم سے بھی اپیل کی کہ آپ بھی آگے بڑھیں مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بحالی کے لئے پرائم منسٹر فلڈ ریلیف سے فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں.

Leave a reply