سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر ساتھ چلنا چاہئے،گورنر پیجاب

0
31

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہائوس لاہور میں سیلاب زندگان کی امداد کے لئے فلڈ ریلف فنڈ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں ایک ساتھ کام کر رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر بلا تفریق ساتھ چلنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیلاب متاثرین کی حتی المقدور امداد فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر نگرانی سیلابی ریلوں میں اپنی جانوں کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کو اب تک 80فیصد امدادی چیک دیئے جا چکے ہیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف علاقوں میں تباہی اور بدحالی سے دوچار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت افراد اور مالی وسعت رکھنے والے طبقے پر لازم ہے کہ وہ آزمائش اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کی بھر پور مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں وہی قومیں اپنی منزل حاصل کرتی ہیں جو اتحاد و یگانگت اور قوت ارادی کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات، فلاحی تنظیموں سمیت تمام لوگوں کو آگے آنا ہوگا اور ہم وطنوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کرنا ہوگی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مخیر حضرات کے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے حوالے سے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری نے ہمیشہ فلاح و بہبود کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالا ہے ۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے 31مئی 2022سے اب تک اپنی تمام تنخواہ سیلاب متاثریں کے لئے دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر انہوں نے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ طلبا اور فیکلٹی ممبرز سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان اور ریلیف فنڈز اکٹھا کرنے میں کردار ادا کریں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے آخر میں مخیر حضرات کے تعاون سے سیلاب زدگان کیلئے 14 امدادی ٹرک بھی روانہ کیے۔اس موقع پر حذیفہ رفیق اور شاہد حسن شیخ بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭
دریں اثنا گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے آج پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو مراسلے کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے فوری فلڈ ریلیف مہم شروع کی جائے ۔انہوں نے تاکید کی ہے کہ یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبا سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز، کپڑے، خوراک اور ضروری سامان اکٹھا کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے اکٹھا کیا گیا فنڈ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی پنجاب ریلف فنڈ میں جمع کرایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعات فنڈز اپنے ترجیحی میکنزم کے ذریعے بھی سیلاب زدگان کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کی اس گھڑی میں اپنے سیلاب زدگان بہن، بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا قومی فریضہ ہے۔

Leave a reply