سیلاب سے متاثرہ بچی کو سانپ نے ڈس لیا،پاک فوج نے ہنگامی طبی امداد دی

0
28

سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقے دادو میں ایک متاثرہ خاندان کی بچی کو سانپ نے ڈس لیا تاہم پاک فوج کی ٹیم نے اطلاع ملتے ہی بچی کو ریسکیو کر کے ہنگامی طبی امداد دی۔

ذرائع کے مطابق سیلاب سے متاثرہ ایک کمسن بچی کو سانپ کے ڈسنے کی اطلاع پاک فوج کے ریسکیو امداد فراہم کرنے والے یونٹ میں ملی جس پر فوری طور پر ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا۔پاک آرمی کی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ بچی کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا اور ضروری طبی امداد دی۔

پاک آرمی کے جوانوں کی بروقت کوشش سے بچی کی جان بچالی گئی۔سانپ کے کاٹنے سے متاثرہ بچی کو علاج معالجے کی مزید سہولیات دی جارہی ہیں۔

دوسری طرف حکومت سندھ کی معاونت سے صوبے میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم پیپلز پرائمری ہیلتھ انیشیٹیو (پی پی ایچ آئی) کے کیمپ میں بچی کی پیدائش ہوئی ہے۔ جہاں ملک میں بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچائی وہیں سندھ بھی اس سے نہ بچ سکا۔

اسی سلسلے میں پی پی ایچ آئی کی جانب سے آج سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں چوبیس گھنٹے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیمپ لگایا گیا، جہاں تقریباً 8 ہزار کے قریب سیلاب زدگان پناہ لیے ہوئے ہیں۔

آج صبح اس میڈیکل ریلیف کیمپ میں بچی کی پیدائش ہوئی ہے جو اس کیمپ میں پیدا ہونے والی پہلی بچی ہے۔ مذکورہ کیمپ میں ایمرجنسی، او پی ڈی، خوراک کی کمی کے شکار بچوں کی صحت، میٹرنیٹی سروسز، الٹرا ساؤنڈ سروسز، لیب سروسز، زنانہ و مردانہ وارڈز، ملیریا کے علاج کی سہولیات اور ایمبولینس سروس کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن پوائنٹ بھی موجود ہے۔

پی پی ایچ آئی نے 2007 میں سندھ کے ضلع کشمور سے اپنے فلاحی سفر کا آغاز کیا جس کا مقصد صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیاد سہولتوں کی فراہمی تھا۔

Leave a reply