سینیٹ میں فیصل واوڈا کی پی ٹی آئی پر شدید تنقید، سنگین الزامات اور انتباہ

karachi

سینیٹ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور موجودہ سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنی تقریر کے دوران پارٹی پر کڑی تنقید کی اور سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کئی سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بٹن دبا کر ان کو منہ دکھانے کے لائق نہیں چھوڑوں گا۔فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ پنجاب، سندھ اور بلوچستان آئیں، ہم آپ کو مسٹر گنڈا پور کو مس گنڈا پور بنا کر واپس بھیجیں گے۔” اس دوران ان کا اشارہ پی ٹی آئی کے سابق وزیر علی امین گنڈاپور کی جانب تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ آئیں، اور آپ کو لٹائیں گے۔ اس بیان کے بعد سینیٹر واوڈا نے پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی کوششوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "آپ منت ترلے کر رہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ آپ سے بات کرے۔

فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کی قیادت پر ارشد شریف کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مراد سعید، جنرل فیض اور بانی پی ٹی آئی کو کیسے پتا تھا کہ یہ ہونے والا ہے؟ آپ نے اپنی گندی سیاست کے لیے بے گناہ آدمی ارشد شریف کو مروا دیا۔ یہ الزامات نہ صرف پی ٹی آئی کے خلاف تھے بلکہ انہوں نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کا بھی ذکر کیا، جنہیں پی ٹی آئی کے ساتھ قریبی تعلقات کا الزام دیا جاتا ہے۔فیصل واوڈا کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کے سینیٹرز ایوان میں واپس آگئے اور سینیٹر فلک ناز چترالی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ "ان کی کیا حیثیت ہے، یہ کیوں بول رہے ہیں؟اس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ "میں آپ کو جانتا نہیں، آپ کی کیا حیثیت ہے؟

حکومتی سینیٹرز فیصل واوڈا کے دفاع میں سامنے آئے اور پی ٹی آئی کے سینیٹرز کے احتجاج کو رد کیا۔ فیصل واوڈا نے اپنی تقریر میں پی ٹی آئی پر ملک کے خلاف سازشیں کرنے اور اداروں کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ "آپ ملک توڑ رہے ہیں، سازش کر رہے ہیں۔فیصل واوڈا نے نیب ترمیم پر پی ٹی آئی کی مخالفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "نیب ترمیم کی مخالف پی ٹی آئی نے سب سے پہلے اس سے مستفید ہونے کی درخواست دی۔انہوں نے مزید کہا کہ "ملکی مفادات کے خلاف پی ٹی آئی کے اقدامات کی ایک تاریخ ہے، یہ ملک توڑنے کی بات نہ کرتے تو ہم ساتھ کھڑے ہوتے۔

فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر مزید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ "آپ کے تمام لوگ کمپرومائز ہیں، جلد مزید ثبوت دوں گا۔” انہوں نے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے منتیں کر رہی ہے اور اس دوران جنرل فیض حمید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ جنرل فیض کی گود میں بیٹھ کر آئے تھے۔
فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ "یہ لوگ مر رہے ہیں فوج سے بات کرنے کے لیے، یہ لوگ اندر خانے معافیاں مانگتے ہیں۔” انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈاپور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "گنڈاپور کہتے ہیں جیل بریک کریں گے، یہی کام انہوں نے ارشد شریف کے ساتھ کیا۔فیصل واوڈا نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو انتباہ دیا کہ "ایک بٹن دبانے پر انہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑوں گا، آپ کو لاوارث اس لیے لگ رہا ہے کہ ’باپ‘ اندر ہے۔” ان کا اشارہ بانی پی ٹی آئی کی جانب تھا جو اس وقت مختلف کیسز میں ملوث ہیں۔سینیٹ اجلاس کے دوران فیصل واوڈا کی اس تقریر نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے اور پی ٹی آئی کے خلاف ان کے الزامات نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Comments are closed.