سینئر صحافی و کالم نگار رحمت علی رازی وفات پا گئے

0
23

سینئرصحافی و کالم نگار، روزنامہ طاقت کے چیف ایڈیٹر رحمت علی رازی دل کا دورہ پڑنے کے باعث وفات پا گئے
. انا للہ و انا الیہ راجعون

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق معروف صحافی ‘ کالم نگار‘جوائنٹ سیکرٹری آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی ( اے پی این ایس)ممبر ایگزیکٹو کمیٹی ( اے پی این ایس)ممبر سٹینڈنگ کمیٹی( سی پی این ای) چیئرمین عزم میڈیا گروپ رحمت علی رازی وفات پا گئے‘چیئرمین عزم میڈیا گروپ رحمت علی رازی گزشتہ روز فیصل آباد شادی پر گئے ہوئے تھے واپسی پرانہیں دل کا دورہ پڑا، رحمت علی رازی کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن و ہ جانبر نہ ہو سکے .

رحمت علی رازی نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز 1974ء میں روز نامہ’’ وفاق‘‘ کے سٹاف رپورٹر کی حیثیت سے کیا۔ 1978ء میں وہ ’’پنجاب یونین آف جرنلسٹس ‘‘کی ’’مجلس ِ عاملہ‘‘ کے بلا مقابلہ رکن منتخب ہوئے اور 1979 میں اس کے جوائنٹ سیکرٹری چن لئے گئے جبکہ 1981ء میں ’’ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس‘‘ کی ’’مجلس عاملہ‘‘ کے رکن منتخب ہوئے۔ 1980 سے 1982 تک روزنامہ’’ جرأت‘‘ کے ایگزیکٹوایڈیٹر رہے۔ 1988ء میں ’’ آئی ایس پی آر‘‘ کی جانب سے ’’ دفاعی نامہ نگار‘‘ کی تربیت حاصل کی۔ 1989 میں پاکستان آرمی کی مشقِ اعظم’’ ضربِ مومن‘‘ میں شمولیت اختیارکر کے فوج کے مختلف یونٹوں کے ساتھ رہے اور اس جنگی مشق کی بہترین رپورٹنگ پر انہیں اس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف کیطرف سے ’’تعریفی سند‘‘ عطا کی گئی۔ پھروہ روزنامہ ’’ نوائے وقت‘‘ کے ساتھ بطور ’’ فیچر رائٹر‘‘ اور انٹرویو نگار منسلک ہوگئے اور 1984ء سے مارچ 1994ء تک سینئر سٹاف رپورٹر کے طور پر کام کیا۔ بعدازاں رحمت علی رازی مارچ 1994ء میں ہی روزنامہ ’’ جنگ لاہور‘‘ کے ساتھ ’’خصوصی نامہ نگار‘‘ کی حیثیت سے وابستہ ہوگئے اور ان کی قابلیت اور غیر معمولی کارکردگی کی بنا پر 1997ء میں انہیں ایڈیٹر گریڈ میں ترقی دے کر’’ جنگ گروپ آف نیوز پیپرز‘‘ کا ’’ایڈیٹر انویسٹی گیشن‘‘ مقرر کر دیا گیا۔ روزنامہ جنگ میں ’’درونِ پردہ ‘‘کے نام سے شائع ہونے والا ان کاکالم قومی اوربین الاقوامی سطح پر ہر مکتبہ فکر کی توجہ کا مرکز بن گیاجو آجکل روزنامہ ’’ ایکسپریس‘‘، روزنامہ’’طاقت‘‘ اور ہفت روزہ ’’ عزم‘‘ کے صفحات کی زینت بن رہا ہے۔

حالات پر گہری نظر رکھنے والے رحمت علی رازی پاکستان کے واحد صحافی ہیں جنہوں نے 1987 سے 1996 کے دوران تحقیقی رپورٹنگ میں سات ’’اے پی این ایس ‘‘ایوارڈز حاصل کر کے صحافت کی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کیا۔ شعبۂ صحافت میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں 23 مارچ2000ء کو ’’ صدارتی تمغہ برائے حسن ِ کارکردگی‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ رحمت علی رازی عرصہ دراز سے ’’ اے پی این ایس‘‘ کی ’’ ایگزیکٹو کمیٹی‘‘ کا ممبر ہونے کے ساتھ ساتھ ’’ سی پی این ای‘‘ کی ’’ سٹینڈنگ کمیٹی‘‘ کے رکن بھی چلے آرہے ہیں جبکہ اس مرتبہ انہیں سال 2015-16 کیلئے ’’ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی‘‘ ( اے پی این ایس) کے ’’جوائنٹ سیکرٹری‘‘ کے طور پر بھی منتخب کیا گیا ہے۔

Leave a reply