
سابق وزیرِداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا دھمکی آمیز بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بچکانہ ہے،اس بار بھارت اگر سرجیکل سٹرائیکس کی غلطی دہراتا ہے تو پچھتائے گا-
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابقاپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ اس بار بھارتی پائلٹ کو چائے پیش نہیں کی جائے گی بلکہ ہوا میں ہی گولی سے اڑا دیا جائے گا، پھر نہ امیت شاہ اور نہ کوئی اور بھارتی پاکستان کو دھمکی دینے کی جرات کرے گا۔
رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان سے واضح ہو گیا ہے کہ بھارت کالعدم تحریک طالبان پاکستان( ٹی ٹی پی) اورعالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی پشت پناہی کر رہا ہے،پاک افغان سرحدوں پر ٹی ٹی پی اور داعش کے حالیہ حملوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے،چینی انجینئروں پر حملے پاکستان اور چین کے خلاف داعش،ٹی ٹی پی گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے،اگر بھارت اپنی جارحیت کو نہیں روکتا ہے تو اسے سخت جوابی کارروائی کے لیے تیار رہنا چاہیے،بھارت نہ بھولے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اورجنرل قمر جاوید باجوہ کی کمان میں پاک فوج بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فیٹف میں بھارت ہمارے لیے بہت مسائل پیدا کر رہا ہے ،اس کے لیے تیاری کی ضرورت ہے،فیٹف کے پلیٹ فارم پر ہمیں بہت تحفظات ہیں، اس حوالے سے حکومت کو تیار رہنا ہوگا،میں بھی اس حوالے سے حکومت کو خط بھی لکھوں گا-
رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان تین دہائیوں سے زائد عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے،کمزور معشیت کے باوجود پاکستان نے افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھایا ہے، پاکستان نے افغان جنگ میں 80 ہزار سے زائد فوجی اور شہریوں کے جانوں کی قربانیاں دی،آج دنیا پاکستان پر افغان طالبان کی حمایت کا الزام لگارہی ہے-
انہوں نے کہا کہ پاکستان نےکبھی جنگ میں طالبان کی حمایت نہیں کی،پاکستان نے نہ صرف افغان مہاجرین کی میزبانی کی بلکہ افغانستان کوادویات اور دیگر اشیائے روزمرہ بھی فراہم کیں،افغان حکومت تحریک طالبان ،داعش اور دیگر کےبارے میں اپنی واضح پالیسی کا اعلان کرے،افغان حکومت کا ایک جنرل بھی پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے کہ اٹک تک زمین ہماری ہے۔
رحمان ملک نے گورنر اسٹیٹ بنک کا روپے کے گرنے کے حوالے سے بیان کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو کبھی پاکستانی روپے گرنے پر خوشی نہیں ہوتی،گورنر اسٹیٹ بنک کے بیان سے اوورسیز پاکستانیوں کی جذبات مجروح ہوئے ہیں،کسی بھی پاکستانی کو روپے گرنے کی خوشی نہیں بلکہ غم ہے،گورنر اسٹیٹ بنک اپنا غیرذمہ درانہ بیان واپس لے لیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مہنگائی کے خلاف آ واز اٹھائی ہے ،چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ غریب کی آواز اٹھائی ہے،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا اپنا ایجنڈا ہے،دیکھنا یہ ہے کہ آ نے والےوقت میں یہ جماعتیں اکٹھی بھی ہوں گی ؟سیاسی جماعتوں کا اتحاد مجھے نظر نہیں آ رہا ہے ۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ غریب عوام پر رحم کھائے،مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے،پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے لوگ بچوں کو پیدل و سائیکلوں پر سکول چھوڑ رہے ہیں،معشیت آئے روز برباد ہو رہی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے۔