گجرات ،جلالپور جٹاں کے گاؤں محمود آباد میں ایک خوشیوں بھری شادی کی تقریب کے دوران دلہن کی ہلاکت اور دلہا کی بے ہوشی نے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑادی۔
شادی کی رات ایک المیہ پیش آیا جس کے نتیجے میں نوبیاہتا دلہن جاں بحق ہوگئی جبکہ دلہا بے ہوش ہوگیا۔جلالپور جٹاں کے رہائشی 30 سالہ ارسلان رفیق اور 23 سالہ ظل ہما کی گزشتہ روز شادی ہوئی تھی۔ خوشی کے موقع پر ولیمے کی رات کے بعد جب اہل خانہ نے اگلے دن صبح کمرے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو دروازہ نہ کھل سکا، جس پر اہل خانہ کو تشویش ہوئی۔ بار بار دروازہ بجانے کے باوجود کوئی جواب نہ ملنے پر اہل خانہ نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی۔دروازہ توڑنے کے بعد منظر ایسا تھا کہ کمرے میں ارسلان رفیق بے ہوش پڑا تھا اور دلہن ظل ہما غسل خانہ میں بے ہوش پڑی ہوئی تھی۔ فوری طور پر دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دلہن ظل ہما کی حالت سنبھالی نہ جا سکی اور وہ اسپتال پہنچتے ہی جاں بحق ہوگئی۔ دلہا ارسلان رفیق ابھی بھی اسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ کا سبب گیزر کی لیکیج سے کمرے میں گیس بھر جانا تھا جس کے نتیجے میں گیس کی موجودگی کی وجہ سے دونوں افراد کا دم گھٹ گیا اور وہ بے ہوش ہوگئے۔ گیس کی اس لیکیج کے باعث 23 سالہ ظل ہما اسپتال میں بے ہوش ہونے کے باوجود جان کی بازی ہار گئی۔یہ دل دہلا دینے والا واقعہ علاقے میں غم کی لہر چھوڑ گیا ہے، اور اہل خانہ اور محلے کے لوگ اس حادثے پر شدید صدمے میں ہیں۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔