جیل بھرو تحریک،شاہ محمود قریشی دیگر رہنماؤں اور دو سو کارکنوں کے ساتھ گرفتاری دیں گے، پنجاب حکومت نے بھی حکمتِ عملی طے کر لی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک آج لاہور سے شروع ہوگی-

باغی ٹی وی: پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق جیل بھرو تحریک آج لاہور سے شروع ہوگی، جہاں شاہ محمود قریشی دیگر رہنماؤں اور دو سو کارکنوں کے ساتھ گرفتاری دیں گے پہلے مرحلے میں عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، مراد راس کارکنوں کے ساتھ گرفتاریاں دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر لاہور پولیس نے گرفتار نہ کیا تو پھر ملتان سے گرفتاری دوں گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے بھی جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں دینے کا شیڈول تیار کرلیا۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں چار سابق ارکان صوبائی اسمبلی، ایک ایم این اے اور 100 کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی جیل بھرو تحریک کے پہلے روز ہی گرفتاری دیں گے۔

لاہور میں حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز بائیس فروری سے ہوجائے گا، جس کے بعد سیکڑوں کارکن گرفتاریاں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی بھی رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کریں گے پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت بھی جیل بھرو تحریک کے لیے مکمل تیار ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے ہم تیار ہیں، ہمارے امیدواروں نے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ اپنا نگراں سیٹ اپ ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن کے کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ عوام کیا حال کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے پنجاب حکومت نے بھی حکمتِ عملی طے کر لی-

ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق لاہور کی جیلوں میں مزید قیدیوں کی گنجائش نہیں ، اس لیے گرفتار شدگان کو میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں منتقل کرنا پڑے گا۔

ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے،گرفتاری دینے والوں کے کرمنل ریکارڈ کے علاوہ ٹیکس اور بینک ریکارڈ کی بھی جانچ کی جائے گی اگر کوئی بدعنوانی یا کرمنل کیسز میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ کی زیرِصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جیل بھرو تحریک میں خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے ۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دنیا کی پہلی جیل بھرو تحریک ہے جس کا آغاز لیڈر اپنی حفاظتی ضمانت سے کررہا ہے ۔

Comments are closed.