شہباز شریف اور حمزہ بھی استعفیٰ دے دیں تو بھی یہ ضمنی الیکشن نہیں جیت سکتے،پی ٹی آئی

لاہور کے صوبائی حلقے پی پی 158 کے ضمنی الیکشن میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار زاہد خان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔اس موقع پرپی ٹی آئی رہنما حماد اظہر ، میاں محمود الرشید اور میاں اکرم عثمان نےلاہور میں میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

میاں محمود الرشید نے دعویٰ سے کہا کہ صوبائی وزراء کیا وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اور وزیراعظم شہباز شریف بھی استعفیٰ دے دیں تو بھی یہ ضمنی الیکشن نہیں جیت سکتے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء میں اب تک ملک احمد خان ، اویس لغاری اور سلمان رفیق استعفیٰ دے چکے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ اس وقت ماحول یہ نظر آرہا ہے کہ لوگ پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے،عوام اس وقت صرف عمران خان کی حمایت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران کان کھول کر سن لیں کہ الیکشن میں مداخلت کی سزا ہے،بعض چینلز طے شدہ کمپین دکھا رہے ہیں کہ کانٹے کا مقابلہ ہے حالانکہ عوام نے یکطرفہ پی ٹی آئی کی حمایت کردی ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ اس وقت لاہور کے 4 حلقوں میں پی ٹی آئی کی فتح صاف نظر آرہی ہے۔اس دوران پی پی 158 سے اے این پی کے امیدوار زاہد خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا ۔

Comments are closed.