شہباز شریف کی بیٹی، داماد اشتہاری قرار:عدالت نے سخت ریمارکس بھی دے دیئے

0
47

لاہور: شہباز شریف کی بیٹی، داماد اشتہاری قرار:عدالت نے سخت ریمارکس بھی دے دیئے،اطلاعات کے مطابق احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کو اشتہاری قرار دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کیس پر سماعت کرتے ہوئے دونوں کو اشتہاری قرار دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لی۔

خیال رہے عدالت میں پیش نہ ہونے پر شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ صاف پانی کمپنی بدعنوانی کیس میں کئی ملزمان کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔ملزمان پر مالی بدعنوانیوں اور کروڑوں روپے کے فراڈ کا الزام ہے جس کے باعث ملکی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

نیب کے مطابق بہاولپور میں 116 فلٹریشن پلانٹس انتہائی مہنگے داموں لگائے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

نیب کی جانب سے دائر ریفرنس 250 سو سے زائد صفحات اور 9 جلدوں پر مشتمل ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے 345 ملین کی کرپشن کی۔نامزد افراد پر باہمی ملی بھگت سے اختیارات کے ناجائز استعمال اور بڈنگ کے کاغذات میں ردوبدل کا الزام ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ بہاولپور ریجن میں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے معاملے میں خوربرد کی گئی جب کہ حاصل پور، خان پور، لودھراں اور منچن آباد میں واٹر ٹرٹمینٹ پلانٹس کے معاملے میں من پسند کمپنیوں کو نوازا گیا ہے۔

نیب کے مطابق ملزمان نے جعل سازی کے ذریعے فلٹریشن پلانٹس کی اصل قیمت سے 40 فیصد زائد رقم کے بل پاس کروائے تھے اور فلٹریشن پلانٹس کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر جعلی کاغذات کا سہارا لیا گیا تھا۔

نیب کا الزم ہے کہ کرپشن اور سست روی کے باعث منصوبوں کی لاگت 121 ارب روپے سے بڑھا کر 194 ارب روپے تک پہنچی جب کہ وسیم اجمل نے منصوبے کی لاگت حقیقی لاگت سے 62 ارب روپے زیادہ دکھائی تھی۔

Leave a reply