fbpx

پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش ہونے پر شاہین آفریدی کی حارث رؤف کو مبارکباد

ڈربی:قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ساتھی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ راولپنڈی میں پیدا ہونے والے حارث رؤف کو گزشتہ روز پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

27 سالہ فاسٹ باؤلر گزشتہ سال ایمرجنگ کٹیگری کا حصہ تھے۔ ان گزشتہ 12 ماہ میں، حارث رؤف نے 22 اننگز میں 26.12 کی اوسط اور 7.46 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 31 وکٹیں حاصل کیں۔

‏www.pcb.com.pk کے لئے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوست اور ساتھی کرکٹر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے، دونوں کھلاڑیوں نے حال ہی میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی۔

شاہین شاہ آفریدی سے گفتگو میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت کی خبر ملنے پر وہ بہت خوشی ہیں اور اس سے ان کی مزید حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔

انٹرویو کے دوران فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے شاہین شاہ آفریدی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

حارث رؤف نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں سیریز ہمیشہ چیلنجنگ رہتی ہے تاہم وہ میزبان ٹیم کے خلاف 8 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں بہتر باؤلنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اتفاق کیا ہے کہ وہ باؤلنگ میں اچھی شراکت داری قائم کرکے میزبان ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

برطانیہ کی حکومت نے اب شائقین کو بھی اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے کی اجازت دے رکھی ہے. حارث رؤف نے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ فینز کے سامنے پرفارم کرنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

شاہین آفریدی کا بھی کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ برطانیہ میں کراؤڈ کے سامنے بولنگ کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں۔