fbpx

شہر قائد میں اسٹریٹ کریمنلز اور ڈکیتوں نے عوام کا گھر سے نکلنا محال کر دیا ہے

شہر قائد میں اسٹریٹ کریمنلز اور ڈکیتوں نے عوام کا مارکیٹ تک جانا تو دور کی بات گھر سے نکلنا بھی محال کردیا ہے۔

شہر کراچی میں نہ تو تاجر برادری محفوظ ہے اور نہ ہی عام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے کوئی بھی موثراقدام اٹھایا گیا ہے ۔

آج مورخہ 19جولائی کو تھانہ عزیز بھٹی کی حدود میں ملیر بار کے وکیل مظہر علی جونیجو کوچار مسلح ڈکیتوں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا اور تین لاکھ دس ہزار روپے سے زائد نقدی ،موبائل فون اور کارڈز سے محروم کردیا.

ایڈووکیٹ مظہر علی جونیجو کا کہنا تھا کہ میں اپنے آفس کا فرنیچر کا سامان خریدنے رفیع مال ملیرمیں موجود اپنے آفس سے نکلا اور میرے پاس3لاکھ دس ہزار روپے سے زائد کی رقم موجود تھی۔

رفیع مال ملیر سے نکلتے وقت میں نے اپنےسوشل میڈیا اکائونٹ پر لائیو ویڈیو اپلوڈ کی اور اپنے دوستوں کو بتایا کہ میں فرنیچر خریدنے جارہا ہوں۔

جب میں تھانہ عزیز بھٹی کی حدود یونیورسٹی روڈ نور کرٹن شاپ رُکا اور فرنیچر کی خریداری کے لیے دکان دار سے بات چیت کی تو دکاندار نے بتایا کہ ہمارے پاس گھر کا فرنیچر ہوتا ہے ہمارے پاس آفس کا فرنیچر نہیں ہوتا۔

اور انہوں نے مجھے بتایا کہ آفس کا فرنیچر آپ کو غریب آباد سے ملے گا تو اس دوران ایک کار کلٹس برنگ سلور ہمارا پیچھا کررہی تھی اور وہ گاڑی مسلسل ملیر کورٹ سے نکلتے وقت ہمارا پیچھا کرتی آرہی تھی۔

جب ہم ایکسپو سینٹر موڑ جانب سرشاہ سلمان روڈ پہنچے تو کلٹس گاڑی ہمیں سائیڈ مارتے ہوئے ہماری گاڑی کے آگے آگئی جس میں مسلح چار افراد باہر نکلے جن کے ہاتھ میں پسٹل تھے۔ مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر مجھ سے 3لاکھ دس ہزار روپے ،ایک موبائل فون ،اور کارڈز چھین لیے۔

اسکے بعد میں نے 15پولیس مددگار کو اطلاع دی جس پرایس ایچ او عزیز بھٹی عدیل افضل اور پولیس مددگار کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور ایس ایچ او عدیل افضل مجھے اپنے ساتھ تھانہ عزیز بھٹی لیکر آئے اور مقدمہ نمبر 717/2021بجرم دفعہ 397کے تحت درج کیا۔

اس موقع پر ملیر بار کی منیجنگ کمیٹی کے ممبر ایڈووکیٹ مظہر علی جونیجو کا کہنا تھا کہ پی ایس عزیز بھٹی نے فوری طور پر میری اطلاع پر کارروائی کی اور واقعے کی ایف آئی آر درج کی ہے جس پر میں پی ایس عزیز بھٹی کے ایس ایچ او کا شکر گزار ہوں

میری ایس ایس پی ایسٹ ،ڈی آئی جی ایسٹ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے اپیل ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور میری رقم کی برآمدگی کو یقینی بنایا جائے ۔