شاہ رخ‌ خان 55 سال کے ہوگئے HappyBirthdaySRK پاکستان ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ پر

0
37

بھارتی اداکار شاہ رخ خان 55سال کے ہوگئے دنیا بھر سےکنگ خان کے مداح انہیں مبارکباد کے پیغامات بھیج رہے ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں-

باغی ٹی وی :کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے سپراسٹار شاہ رخ خان نے1980میں ٹی وی انڈسٹری سے آغاز کیا اور 1992میں فلم ’دیوانہ‘ میں پہلی بار کام کیا جس کے بعد انہوں نے ایک نہیں کئی نہیں بلکہ سیکڑوں سپرہٹ فلمیں کر کے بالی وڈ سمیت دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔

پاکستان میں ٹوئٹر پر HappyBirthdaySRK ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کنگ خان کو ان کے مداح سوشل میڈیا کے ذریعے سالگرہ کی مبارک باد دے رہے ہیں۔


جرنلسٹ ہارون راشد نے بھی کنگ خان کے ساتھ لی گئی تصویر شئیر کرتے ہوئے اداکار کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا-

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان اس وقت اہلخانہ کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں ہیں اور انہوں نے کورونا کی وجہ سے سوال و جواب کے ایک سیشن میں مداحوں سے بھارت میں اپنے گھر منت کے باہر ہر سال کی طرح جمع نہ ہونے کی درخواست کی کہا کہ ‘اس بار کا پیار تھوڑا دور سے یار‘۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں موجود شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ان کا جنم دن کافی اہمیت رکھتا ہے اور اس موقع پر ممبئی میں واقع ان کے گھر ‘منت’ کے باہر مداح جمع ہوتے ہیں اور ان کی ایک جھلک کا انتظار کرتے ہیں لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار شاہ رخ کے ایک فین کلب نے ان کی ورچوئل برتھ ڈے پارٹی کی میزبانی کی منصوبہ بندی کی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کے فین کلب کے ایک رکن نے کہا ہے کہ مداح اپنے گھروں پر کیک کاٹیں گے اور لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے وہ تقریبات کا حصہ بن سکتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ رات گئے ہونے والی تقریب کے بعد پیر (2 نومبر) کو صبح 11 بجے ورچوئل برتھڈے پارٹی ہوگی جس میں سیلفی بوتھس، گیمز، ایس آر کے کوئزز، مداحوں کے درمیان لائیو بات چیت اور چند پرفارمنسز شامل ہوں گی۔

اس کے علاوہ اس موقع پر کچھ خیراتی سرگرمیاں جیسا کہ 5555 ماسکس اور سینیٹائزرز کے ساتھ 5555 کووڈ کٹس، ضرورت مندوں میں 5555 کھانوں کی تقسیم، یتیم خانوں اور اولڈ ایج ہوم جانے کی ارادہ بھی کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے فین کلب کے رکن کے مطابق شاہ رخ اور ان کی ٹیم اس پلان سے آگاہ ہیں اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ اداکار کچھ دیر کے لیے بات چیت کے لیے ورچوئل پارٹی کا حصہ بنیں اگر وہ حصہ نہیں بھی بن سکے تو ہمیں یقین ہے کہ وہ کچھ خاص کریں کیونکہ وہ اپنے مداحوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے 5 ہزار مداح شاہ رخ خان کی سالگرہ کی ورچوئل تقریبات میں شرکت کریں گے۔

عام طور پر مداح یکم نومبر کو ان کی فلم دل والے دلہنیا دیکھنے کے لیے ہر سال یکم نومبر کو مراٹھا مندر بھی جاتے ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے بھارت میں سنیما بند ہیں اور اسی روز اس فلم کی آن لائن اسکریننگ کی پلاننگ بھی کی گئی ۔

شاہ رخ خان کی سپرہٹ فلموں کی لسٹ کافی طویل ہے جس کی وجہ سے کنگ خان کئی ایوارڈز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی جو فلمیں دنیا بھر میں پسند کی گئیں ان میں ’بازی گر‘،’کبھی خوشی کبھی غم‘ ، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کل ہو نا ہو‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، اوم شانتی اوم ‘ ’رئیس‘ اور دیگر شامل ہیں۔

شاہ رخ خان جلد ہی اپنی نئی فلم پٹھان میں ایکشن میں نظر آئیں گے جس میں اداکار جان ابراہم اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون بھی شامل ہیں۔

Leave a reply