شہزاد رائے کی کوششوں سے واسو کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کی طرف سے امدادی چیک دے دیا گیا

0
51

پاکستان کے معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے کی کوششوں سے واسو کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کی طرف سے امدادی چیک دے دیا گیا ہے-

باغی ٹی وی : تقریباً ایک دہائی قبل معروف گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے کے ساتھ ’اپنے اُلو کتنے ٹیڑھے، اب تک ہوئے نہ سیدھے‘ گانے سے شہرت حاصل کرنے والے بلوچ لوک فنکار واسو کے سخت حالات کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں اطلاعات کے مطابق غربت اور کوئی باقاعدہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے لوک فنکار واسو خان بیماری کا شکار بن کر گھر تک محدود ہوگئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔

واسو خان کی بیماری کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے شہزاد رائے سے بھی فوک فنکار کی مدد کی اپیل کی۔بلوچستان کے پسماندہ علاقے جعفر آباد سے تعلق رکھنے والے واسو خان کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر بحث اس وقت شروع ہوئی جب کہ بلوچستان حکومت کے ترجمان نے فنکار کی مدد کرنے سے متعلق ایک ٹوئٹ کی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے گذشتہ روز 5 اگست کو اپنی ٹوئٹ میں واسو خان کے گھر جاکر ان کے ساتھ بنوائی گئی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ لوک فنکار بیماری اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اور آج معروف گلوکار واسو کے گھر ان کےخدمت میں حاضر ہوکر وزیراعلی بلوچستان جام کمال کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں واسو اور شہزاد رائے کی پرانی تصویر بھی شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیر اعلی نےچند روزقبل انکی مالی معاونت،علاج معالجہ،ادویات کا ذمہ لینےکااعلان کیاتھا۔ واسو ذیابیطس کے مریض اور بدترین معاشی مشکلات کاشکار ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے فنکار ہمارا افتخار ہیں اور ان کی جہاں تک ممکن ہو سکا مدد کریں گے انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ 7 اگست کو وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں انکی خدمت میں چیک پیش کرینگے-

واسو خان کے ساتھ لیاقت شاہوانی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے شہزاد رائے کو طعنے دیے اور ان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے واسو خان کو بھلا دیا-

تاہم ان طعنوں اور تنقید کے جواب میں جلد ہی واسو خان کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے شہزاد رائے کی جانب سے تاحال مدد ملنے کی تصدیق کی۔

روبینہ ابراہیم زہرہ کی جانب سے واسو خان کی مختصر ویڈیو ٹوئٹ کی گئی جس میں وہ اپنی بیماری سے متعلق بتانے سمیت شہزاد رائے کی جانب سے مدد ملنے کا اعتراف بھی کرتے دکھائی دیئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ شہزاد رائے نے میری بہت مدد کی ہے میرا آغا خان میں علاج کروایا آج تک میرے ساتھ رابطے میں ہے میں انکا شکر گزار ہوں اور لیاقت شاہوانی صاحب کا بھی شکریہ جنہوں نے مجھے آکر پوچھا اور اسحاق لہڑی صاحب کا شکریہ جنہوں نے میری آواز دنیاتک پہنچائی۔

واسو خان نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کا علاج کروانے سمیت ان کے گھر کی تعمیر کروائی جائے اور ان کے کسی بیٹے کو سرکاری نوکری بھی دی جائے تاکہ ان کی مالی مشکلات حل ہوسکیں۔

تاہم اب نعمت خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹوئٹ میں تصاویر شئیر کیں جس میں ایک طرف وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے گلوکار شہزاد رائے اور لوک فنکار واسو ملاقات کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب تصویر میں صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ لوک فنکار واسو کو امدادی چیک دے رہے ہیں-


نعمت خان نے لکھا کہ واسو خان​​ صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ سے جام کمال سے ملاقات کے بعد چیک وصول کررہے ہیں شہزاد رائے نے وزیع اعلی بلوچستان سے ان کی ملاقات کا اہتمام کیا ہے-

واضح رہے کہ واسو خان نے ابتدائی طور پر 2011 کے آخر میں شہزاد رائے کے ساتھ ’اپنے اُلو کتنے ٹیڑھے، اب تک نہ ہوئے سیدھے‘ گانا کیا تھا اس کے بعد دونوں نے 2012 میں جیو ٹی وی پر ’واسو اور میں‘ نامی سماجی شو کیا تھا، جس میں وہ ملکی حالات پر بات کرتے دکھائی دیے تھے ان کے اس شو کو لوگوں کی جانب سے بہت پذیرائی ملی تھی

بدترین معاشی مشکلات کا شکار بلوچ لوک فنکار واسو خان کس حال میں ہیں؟

Leave a reply