فیصل آباد(باغی ٹی وی رپورٹ) ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے باعث شالیمار ایکسپریس حادثے کا شکار، متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ریلوے ٹریفک معطل
فیصل آباد کے نواحی علاقے چک جھمرہ کے گاؤں چھوٹی گھرتل کے قریب شالیمار ایکسپریس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جب ٹرین ایک کچے ریلوے پھاٹک پر کھڑی اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین ٹریک پر موجود رکاوٹ سے ٹکرا گئی، جس کے باعث انجن سمیت 12 سے زائد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ٹرین تقریباً ایک کلومیٹر تک الٹتی چلی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرین کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور سمیت کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ متعدد مسافروں کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے چند لمحے قبل ٹریکٹر ٹرالی ریلوے لائن پر پھنس گئی تھی۔ جب ڈرائیور نے دور سے آتی ٹرین کو دیکھا تو اس نے عجلت میں ٹریکٹر کو ٹرالی سے الگ کر کے فرار ہو گیا، تاہم تیزی سے آتی ہوئی ٹرین اینٹوں سے بھری ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں خوفناک تباہی ہوئی۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور متاثرہ مسافروں کو امدادی ٹرین کے ذریعے روانہ کر دیا گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ ٹریکٹر ٹرالی میں آئل ختم ہونا بنی، جس کے باعث وہ پھاٹک پر رک گئی تھی۔ ڈرائیور حادثے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثے کے باعث ساہیانوالہ سے سالار والا تک ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے سبب فیصل آباد سے لاہور اور وزیرآباد کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کی بحالی میں کم از کم چھ گھنٹے لگیں گے، جب کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔