سندھ کے سینئر وزیر، شرجیل انعام میمن نے عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ عید کے موقع پر عوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی کرایہ بڑھائے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔شرجیل میمن نے ڈی آئی جی ٹریفک اور کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹ مالکان کے خلاف کارروائی کریں۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ اضافی کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف نہ صرف جرمانے عائد کیے جائیں گے بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کو متعین کردہ کرایوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا، اور اگر کوئی ٹرانسپورٹر اضافی کرایہ وصول کرے تو عوام کو فوری طور پر شکایت درج کرانی چاہیے۔
شرجیل میمن نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عیدالفطر کے دوران ٹرانسپورٹ کے کرایے مناسب اور مستحکم رہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کے استحصال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ اقدام عوام کے لیے ایک اہم قدم ہے تاکہ عید کی خوشیوں میں اضافی مالی بوجھ سے بچا جا سکے اور ان کی سفر کی سہولت میں اضافہ ہو سکے۔