شوکت ترین کا لندن میں جہانگیر ترین سے ملاقات کا انکشاف

0
73

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وزیر خانہ خزانہ شوکت ترین نے لندن میں جہانگیر ترین سے ملاقات کا انکشاف کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شوکت ترین نے کہا کہ انہوں نے لندن میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ جہانگیر ترین اور پی ٹی آئی کے درمیان دوریوں میں کوئی کمی نہیں آئی، انہوں نے پارٹی میں واپس آنے سے متعلق کوئی رضامندی ظاہر نہیں کی، وہ اس وقت پارٹی میں واپس آنے کی سوچ بھی نہیں رکھتے۔

پریس کانفرنس کے دوران شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، بجلی کے بل لیے لوگ سڑکوں پر ہیں، پانچ منی بجٹ آچکے ایک اور آنے والا ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ترسیلات زرمیں کمی ہوئی ہے اور تجارتی خسارہ 4ارب سے زائد ہوگیا ہے۔ ہمارے دور میں 2، 4 ارب ادھر اُدھر ہونے پر پوچھا جاتا تھا، اب آئی ایم ایف حکمرانوں سے کیوں نہیں پوچھتا۔
شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کیلئے عبوری حکومت کے قیام میں مدد کے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جہانگیر خان ترین نے اپنی سیاسی جماعت عوامی تحریک انصاف بنانے کا عندیہ دیا تھا.

باغی ٹی وی اسلام آباد نے انکشاف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ: "جہانگیرخان ترین نے علیم خان، مخدوم خسرو بختیار، عون چوہدری اور چوہدری سرور کے ہمراہ پاکستان کی سیاست میں نئے انداز کے ساتھ اُبھرنے کا فیصلہ کر لیا۔ باغی ٹی وی کے باوثوق ذرائع کے مطابق جہانگیر خان ترین نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا عندیہ دے دیا ہے جبکہ نئی سیاسی جماعت کے منشور کی تیاری آخری مراحل میں ہے.

باغی ٹی وی کو ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ: جہانگیر خان ترین کی سیاسی جماعت کا نام "عوامی تحریکِ انصاف ” کثرتِ رائے سے تجویز کیا جا چُکا ہے. جس کو منظور بھی کرلیا گیا ہے اور عوامی تحریکِ انصاف بنائے جانے میں جہانگیر خان ترین کے دیرینہ ساتھیوں علیم خان، مخدوم خسرو بختیار، عون چوہدری، اور چوھدری سرور کیساتھ اسحاق خاکوانی و دیگر نامور سیاسی شخصیات کا مکمل تعاون شامل ہے.
جبکہ باغی ٹی وی نے پارٹی پرچم بارے دعوی تھا کہ اپنے قارئین کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ پارٹی پرچم تین رنگ کا ھو گا جس میں سُرخ، سفید اور سبز رنگ شامل ہے جبکہ انتخابی نشان ابھی زیرِ غور ہے.

Leave a reply