پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی عیدالفطر پر قوم کو مبارک باد

0
27

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی عیدالفطر پر قوم کو مبارک باد ،اطلاعات کے مطابق عید الفطر اللہ تعالی کی طرف سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا انعام ہے۔ یہ اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی رحمت اور بخشش کا دن ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں عالم اسلام، اہلیانِ پاکستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آباد تمام مسلمان بھائیوں بہنوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ باری تعالیٰ کا صد شکر ہے کہ اس نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمیں صیام و عبادات کی سعادت و توفیق عطا فرمائی اور یہ موقع دیا کہ ہم اس کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگ سکیں اور رحمت و مغفرت کی التجا کر سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے اس برس ہم ہلال عید ایک رنجیدہ ماحول میں دیکھ رہے ہیں۔ ایک طرف جہاز کے حادثے میں ہونے والے پاکستانی بھائیوں، بہنوں اور معصوم بچوں کی شہادتیں ہیں تو دوسری جانب کورونا وائرس کی نذر ہو جانے والی قیمتی زندگیاں ہیں۔ اس بحران کی وجہ سے لاکھوں لوگ مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ طیارے کے حادثے اور کورونا سے ہونے والی اموات نے عیدالفطر کو سوگوار بنا دیا ہے، ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ان پے در پے صدموں کی وجہ سے ہمارے پاس اللہ کریم کے حضور دست بہ دعا ہونے کے سوا چارہ نہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ پاک اپنے آخری رسول اور کریم نبی صلی الله عليه وسلم کے صدقے رحمتوں کی طلبگار ہماری خالی جھولیوں کو اپنی مہربانیوں سے بھر دے، ہماری لغزشوں سے درگزر فرمائے۔ جہاز کے حادثے اور کورونا وباء سے شہید ہونے والے تمام افراد کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی سے مغفرت و رحمت مانگنے کے ساتھ کورونا وبا، ٹڈی دل کے حملے اور ملک کو درپیش دیگر مشکلات ومسائل سے نجات کی دعا کرتے ہیں۔

اپوزہشن لیڈر کا کہنا تھا کہ تمام مقبوضہ علاقوں، کشمیر اور فلسطین کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں، اللہ تعالی جلد ہمارے ان بھائیوں بہنوں کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے لاکھوں بھائی، بہنیں دوہرے لاک ڈاؤن کے ماحول میں عید منا رہے ہیں۔ اللہ کریم ان کی مشکلات آسان فرمائے۔

انہوں‌ نے کہا کہ اللہ ہمارے دلوں کو کشادہ فرمائے کہ ہم عید کو سادگی سے مناتے ہوئے اپنی زندگیاں مدد کے مستحق انسانوں کیلئے وقف کرکے بارگاہ ایزدی میں سرخرو ہو سکیں۔ عیدالفطر کے موقع پر اپنے اردگرد نادار، ضرورت مند اور سفید پوش بھائیوں بہنوں کو نہ بھولیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کریم اس عید کو پاکستان اور سارے عالم اسلام کیلئے مبارک فرمائے اور تمام عالم اسلام اور پاکستانیوں کی حفاظت فرمائے۔ آمین۔ اس دعا کے ساتھ آپ اور آپ کے اہلخانہ کو عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عید مناتے ہوئے احتیاطی طبی تدابیر کو خدارا فراموش نہ کریں۔ اللہ تعالی آپ سب کا حامی و ناصراور محافظ ہو۔ آمین

Leave a reply