صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف کی طبعیت ناساز

0
26

لاہور: صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف کی طبعیت ناساز ہوگئی-

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ ن میاں شہبازشریف کو بخار ہوگیا جس کے باعث ڈاکٹرز کی جانب سے شہبازشریف کو سیاسی سرگرمیاں محدود کرنے اور آرام کا مشورہ دیا گیا ہے-

یاد رہے کہ گزشتہ سال جون کے مہینے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

اس وقت لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی درخواست کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا اس وقت کہنا تھا شہباز شریف نے نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کا سیاہ قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے، اتحادیوں کے انکار اور تحفظات کے بعد حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق سیاہ قوانین واپس لے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے، جس طرح چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا، اسی طرح رات کی تاریکی میں اجلاس ملتوی کر دیاگیا، رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی، ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پرائیویٹ ممبر بل پر دو بار شکست کھانے کے بعد مشترکہ اجلاس کا التواء عمران نیازی کی اکثریت کھو دینے کی علامت ہے، مہنگائی کی ستائی عوام کے عدم اعتماد کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کر دیا ہے، عوام اور پارلیمنٹ کے عدم اعتماد کے بعد کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوکر قوم کو ریلیف دیں۔

Leave a reply