شیخوپورہ:محکمہ لوکل گورنمنٹ میں ترقیاتی کاموں کےآڑ میں تقریباً 2 ارب روپے مالیت کی بوگس ادائیگیوں کا انکشاف

باغی ٹی وی:شیخوپورہ (محمد طلال سے) محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر تقریباً 2 ارب روپے مالیت کی بوگس ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے دفتر محکمہ لوکل گورنمنٹ پر چھاپہ مار کر بوگس ادائیگیوں میں ملوث سب انجینئر رائے اورنگزیب کو گرفتار کر لیا جبکہ بوگس ادائیگیوں کے مبینہ سکینڈل میں ملوث ایکسین ایس ڈی او اور دیگر عملہ دوسرے شہروں میں فرار ہوگیا ہے چیف سیکرٹری پنجاب نے ایک تحریری درخواست پر محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں 2 ارب روپے کی بوگس ادائیگیوں کے سکینڈل کی تحقیقات محکمہ اینٹی کرپشن کو جاری کی تھی جس کے شروع ہوتے ہی انکشاف ہوا کہ اس محکمہ کے افسروں انجینئروں اکاؤنٹنٹ اور ڈرافٹ مین اور کلرکوں نے ملی بھگت سے کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے جس میں ایک ایسا جعلی سب انجینئر بھی شامل ہے جو 12 برس تک اس دفتر میں جعلی احکامات کے ذریعے سب انجینئر بنا رہا ہے اور اس کا باپ پاک ڈبلیو ڈی میں بوگس ادائیگیوں میں پکڑا گیا تو وہ اسے پلی بار گینگ کے تحت 3 روز بعد ہی تقریباً 48 لاکھ روپے جمع کروا کر رہا کروانے میں کامیاب ہوگیا تحقیقات کے شروع ہوتے ہی انکشاف ہوا کہ سب انجینئر نے اپنی بیوی کے نام پر ایک جعلی کنسٹریکشن فرم بنا رکھی ہے جس کے نام پر گاؤں دھامونکی سے چک نمبر چار رسالہ تک لنک روڈ کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس کے نام پر مذکورہ جعلی فرم کے ذریعے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا اس سکینڈل میں محمد طلحہٰ قاری ایس ڈی او وسیم الدین اکاؤنٹنٹ محمد ابراہیم اور ایکسین مدثر میاں بھی شامل ہیں اینٹی کرپشن کے ذرائع کے مطابق موقع پر لنک روڈ کی بجائے پیاز کی فصلیں ہیں ادھر پتہ چلا ہے کہ سابق خاتون اول محترمہ بشریٰ بیگم کی سہیلی محترمہ فرح خان کے دبئی جانے کے بعد ان کے آبائی گاؤں گھنگ میں بھی محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کے نام پر بوگس ادائیگیاں کی ہیں محترمہ فرح خان نے اپنے گاؤں میں عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبے منظور کروائے تھے مگر ان کے دبئی چلے جانے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے بعض انجینئروں اور افسروں نے ان ترقیاتی کاموں کے نام پر بوگس ادائیگیاں کر دی اور جو ترقیاتی کام ہوچکے تھے ان کو نیا منصوبہ ظاہر کر دیا محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام نے بتایا ہے کہ اب محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں گذشتہ دس برس کے دوران ہونے والے ترقیاتی کاموں کی فزیکل چیکنگ بھی کروائی جائے گی

Leave a reply