ممبئی کے پوش علاقے پنویل میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک انشورنس کمپنی میں برانچ منیجر کے طور پر کام کرنے والے شخص نے اپنی خاتون ساتھی کو بے ہوش کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ اس کی بیوی نے پورے واقعے کی ویڈیو بنائی۔ بعد ازاں میاں بیوی نے اس ویڈیو کی بنیاد پر متاثرہ خاتون کو بلیک میل کرتے ہوئے لاکھوں روپے بھتہ وصول کیا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم کی شناخت پردیپ نام دیو نرلے کے نام سے ہوئی ہے جو اندھیری میں ایک معروف انشورنس کمپنی میں برانچ منیجر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔ اس کی بیوی رینوکا نرلے اور بھائی پروین نرلے بھی اس گھناؤنے جرم میں شریک ہیں۔ تینوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ بیوی اور بھائی تاحال مفرور ہیں۔ پولیس ان کی تلاش کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم اور متاثرہ خاتون کی ملاقات ایک آن لائن کمپنی میٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان کام سے متعلق تعلق وقت کے ساتھ ذاتی رشتے میں بدل گیا۔ کچھ عرصے بعد جب خاتون واپس ممبئی آئیں تو ملزم نے انہیں اپنے گھر بلایا۔خاتون کی شکایت کے مطابق، وہاں پہنچنے پر پردیپ نے انہیں کوئی مشروب پیش کیا جس میں نشہ آور مواد شامل تھا۔ بے ہوشی کی حالت میں اس نے زیادتی کی، جبکہ اس کی بیوی رینوکا نرلے نے اس پورے واقعے کی ویڈیو فلمائی۔پولیس کے مطابق ریپ کے بعد میاں بیوی نے متاثرہ خاتون کو ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر وہ رقم ادا نہ کرے تو ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا جائے گا۔ خوف اور شرمندگی کے باعث خاتون نے لاکھوں روپے انہیں ادا کیے۔ تاہم، مسلسل دباؤ اور دھمکیوں سے تنگ آ کر بالآخر خاتون نے پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر ملزموں کے خلاف بھارتی تعزیرات کی دفعات کے تحت زیادتی، بلیک میلنگ، اور بھتہ خوری کے الزامات میں مقدمہ درج کیا ہے۔ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزموں نے منصوبہ بندی کے تحت خاتون کو نشانہ بنایا۔ پولیس ٹیموں نے ملزموں کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں اور قوی امکان ہے کہ جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے متاثرہ خاتون کا بیان قلم بند کر لیا ہے اور ڈیجیٹل شواہد (ویڈیو و دیگر مواد) بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید انکشافات آئندہ دنوں میں سامنے آئیں گے۔







