
سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) ریٹائرمنٹ کے موقع پر استاد کی خدمات کو خراجِ تحسین، شیلڈ اور تعریفی سند پیش
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد حسین علوی نے کہا ہے کہ باعزت ریٹائرمنٹ ہر سرکاری ملازم کا خواب ہوتا ہے، خصوصاً اساتذہ جو اپنی زندگی درس و تدریس کے لیے وقف کرتے ہیں، کبھی حقیقی معنوں میں ریٹائر نہیں ہوتے۔ استاد ایک روحانی باپ کی حیثیت رکھتا ہے، اس کی ذمہ داریاں ملازمت کے اختتام پر بھی ختم نہیں ہوتیں۔
یہ خیالات انہوں نے گورنمنٹ جامع ہائی اسکول سیالکوٹ میں منعقدہ ظہرانے کے دوران عاشق حسین صدیقی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر پیش کیے۔ عاشق حسین، ایک معروف استاد، اسٹیج سیکرٹری، مقرر، اور مصنف کے طور پر 34 سالہ خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس تقریب میں ڈی ای او ملک اللہ داد، محمد آصف مغل، محمد حسین، علامہ حافظ نیاز احمد الازہری، ارشد بٹ، اور دیگر اہم شخصیات سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے عاشق حسین صدیقی کی تعلیم و تربیت کے لیے خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
عاشق حسین صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ تعلیم اور طلبہ کی محبتیں میری زندگی کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استاد کی کامیابی اس کے طالب علموں کی کامیابی میں پوشیدہ ہوتی ہے، اور وہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جو استاد کو عزت و مقام دیتے ہیں۔
سی ای او مجاہد حسین علوی نے عاشق حسین صدیقی کو شیلڈ اور تعریفی سند پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ ایسے اساتذہ قوم کی ترقی میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔