سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی) سیالکوٹ ایوب بخاری نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، فارمیسی، لیبارٹری اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر علی عمران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اے ڈی سی جنرل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایات پر ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے معیار کو جانچنے کے لیے سرپرائز وزٹس کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات، جان بچانے والی ادویات کی دستیابی، لیبارٹری ٹیسٹس، ریڈیالوجی خدمات اور صفائی سمیت بنیادی ڈھانچے کو فعال بنانا ہے۔
انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے اے ڈی سی جنرل نے کہا کہ مریضوں کی شکایات کو فوری حل کرنے کے لیے کمپلینٹ سیل کو مؤثر طریقے سے فعال بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طبی عملے کی کارکردگی اور سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے۔
اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی وارڈ میں جدید آلات کی تنصیب اور زیر علاج مریضوں کے لیے بستروں کی فراہمی کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ ایوب بخاری نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں اصلاحات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے ہسپتال میں بہتری کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرپرائز وزٹس سے انتظامیہ میں احتساب کا احساس بڑھا ہے، جس کے مثبت اثرات مریضوں تک پہنچ رہے ہیں۔