
سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرمدثررتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اعلان کیا ہے کہ 3 فروری سے ضلع میں 2025 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ 5 روزہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے یہ بات ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مہم میں 6 ہزار 288 پولیو ورکرز حصہ لیں گے، جن میں 2 ہزار 276 موبائل ٹیمیں گھروں، تعلیمی اداروں، جھونپڑ بستیوں، بھٹوں اور کچی آبادیوں میں جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ 133 فکسڈ ٹیمیں بنیادی مراکز صحت، دیہاتی مراکز اور ہسپتالوں میں تعینات ہوں گی، جبکہ 69 ٹرانزٹ ٹیمیں بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر اہم مقامات پر موجود رہیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹیموں کی مکمل تربیت کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ پولیو سے ضلع سیالکوٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں قومی فرض سمجھ کر ادا کریں۔