سیالکوٹ:عقیدہ ختم نبوت کےتحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں،مقررین

سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض): پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر وسطی پنجاب حافظ طاہر رضا قادری نے سرکلر روڈ پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے تحریک کے کارکن اپنی جانوں کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے تحفظ ختم نبوت تحریک کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

حافظ طاہر رضا قادری نے کہا کہ آنحضرت محمد ﷺ کا جشن میلاد دھوم دھام سے منایا جائے گا اور اس سلسلے میں ہونے والے کسی بھی مذہبی پروگرام میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ 12 ربیع الاول سے پہلے میلاد جلوسوں کے راستوں کی مرمت، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات مکمل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک انتظامی معاملات میں اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی لیکن ساتھ ہی ساتھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ماہ ربیع الاول میں ہونے والے جلوسوں اور محافل کو پوری سیکیورٹی فراہم کرے۔

پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر حافظ غلام مرتضیٰ، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ افضال دتے شاہی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کو اسلام کے شعائر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ آئین و قانون کے مطابق عمل کرتے ہوئے شر پسندوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکے۔

Comments are closed.