سیالکوٹ: 9 سالہ بچہ منشیات کی اسمگلنگ میں گرفتار
سیالکوٹ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو کی رپورٹ) پنجاب پٹرولنگ پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 9 سالہ کمسن بچے سلمان گل خان کو گرفتار کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق بچے کو پشاور سے مختلف گاڑیاں بدل کر ڈسکہ پہنچنے کی کوشش میں روکا گیا۔ انچارج پٹرولنگ پولیس گلوٹیاں موڑ یاسر محمود نے بتایا کہ انہیں مخبر خاص کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ منشیات کا ایک بڑی کھیپ کمسن ملزم کے ذریعے سپلائی کی جارہی ہے۔
آپریشن کے دوران گوجرانوالہ میں ایک بلا نمبری رکشے کو روکا گیا جس میں سلمان موجود تھا۔ تلاشی کے دوران 2400 گرام منشیات برآمد ہوئی۔ یہ معاملہ اس لحاظ سے توجہ طلب ہے کہ اتنی کم عمر میں بچے کو منشیات کی نقل و حمل میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک نیا اور خطرناک رجحان ہے جس میں بچے کو منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ انہیں جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے نمائندے کے مطابق اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے پیچھے موجود افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جا سکے۔ فی الحال گرفتار بچہ حفاظتی تحویل میں ہے اور اس کے پس منظر کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔