سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو ) آئینی عدالتوں سے التوا کے شکار کیسز جلد مقرر ہوں گے، ملک شہباز احمد ایڈووکیٹ
تفصیل کے مطابق معروف قانون دان اور ایس اینڈ اے ایسوسی ایٹس کے سینئر رہنما، ملک شہباز احمد اعوان ایڈووکیٹ نے ایک میڈیا بیان میں کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد آئینی عدالتوں کے قیام سے سپریم کورٹ میں سالہاسال سے التوا کے شکار کیسز کو فوری طور پر مقرر کیا جائے گا۔ اس اقدام سے سیاسی کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی، جبکہ عام شہریوں کے مقدمات وفاقی آئینی عدالت میں مقرر ہونے سے ان کی سماعت جلد ممکن ہو سکے گی، جس سے زیر التوا کیسز کی تعداد میں کمی آئے گی اور عوام کو جلد انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
ملک شہباز احمد نے زور دیا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کریں تو ملک کو آگے بڑھانے میں بڑی پیش رفت حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی عدالتوں کا قیام پاکستانی عدالتی نظام کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے، جس کے ذریعے عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر اور جلد انصاف فراہم کرنے والے نظام کی بنیاد رکھی جائے گی۔