سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) تھانہ کوتوالی کے علاقے وزیر پورہ میں وراثتی جائیداد کے تنازع پر سگے بھائی کو چھریوں کے وار سے بے رحمی سے قتل کرنے والے مجرم ٹیپو تنویر کو عدالت نے سزائے موت اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد فاروق کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔
یہ اندوہناک واقعہ ایک سال قبل پیش آیا جب گھریلو جھگڑے کے دوران ملزم نے اپنے بھائی محسن تنویر کو قتل کر دیا جبکہ ان کا بھانجا تیمور پاشا بھی زخمی ہوا۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 693/23 بجرم 302/324/34 ت پ تھانہ کوتوالی میں درج کیا گیا۔
سب انسپکٹر جہانزیب احمد خان نے پیشہ ورانہ مہارت، قانونی تقاضوں اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں کیس کی مکمل اور مؤثر تفتیش کی۔ عدالت میں مضبوط دلائل کی بدولت ملزم کو سزا سنائی گئی۔
ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ مظلوم کو بروقت انصاف کی فراہمی اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سیالکوٹ پولیس پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم کے خلاف بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے۔