سیالکوٹ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمدثررتو) سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام سپرد خاک، بیٹے چوہدری فیصل اکرام نے خود نماز جنازہ پڑھائی
سیالکوٹ میں سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی، اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چوہدری محمد اکرام، موجودہ ایم پی اے چوہدری فیصل اکرام کے والد محترم تھے۔
اہم اور قابل ذکر پہلو یہ رہا کہ چوہدری فیصل اکرام نے اپنے والد محترم کی نماز جنازہ خود پڑھائی، جو نہ صرف ایک دینی و روحانی فریضہ ہے بلکہ والدین کے حقوق کی ادائیگی اور اولاد کے لیے باعثِ فخر عمل بھی سمجھا جاتا ہے۔ مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ شاید سیالکوٹ کی سیاسی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ایم پی اے نے اپنے والد کا جنازہ خود پڑھایا ہو۔
شرکاء نے چوہدری محمد اکرام کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور چوہدری فیصل اکرام کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا کرے۔ آمین۔