سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض): ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے سہولت رمضان بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور سہولت بازار میں چینی، چکن، آلو، پیاز، ٹماٹر اور آٹا سمیت دیگر اسٹالز پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے سینئر شہریوں کے لیے مختص ویٹنگ ایریا کا بھی معائنہ کیا جہاں پر بزرگ شہری بیٹھ کر کریانہ، سبزی، فروٹ اور ڈیری مصنوعات بغیر کسی اضافی قیمت کے خرید سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازار میں بائیک موجود ہے جو شہریوں کے گھروں میں سامان ضروریہ بغیر کسی اجرت کے ڈیلیور کر رہی ہے۔
سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عبداللہ ملک نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے تعاون سے سہولت بازار میں چکن 25 روپے فی کلوگرام ارزاں نرخوں پر دستیاب ہے جبکہ چینی 130 فی کلوگرام کے حساب سے صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے۔