سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ فرض شناس اور محنتی سرکاری اہلکار اداروں کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے مطابق دفاتر میں آنے والے سائلین کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سن کر ان کے حل کے لیے اقدامات کرنا سرکاری اہلکاروں کا اولین فرض ہونا چاہیے، جس سے معاشرے میں بے چینی اور بے یقینی ختم ہوگی اور بدعنوانی کا بھی خاتمہ ممکن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنمنٹ اسلامیہ کالج سیالکوٹ کے ایڈمنسٹریشن آفیس اور کلاس فور کے محنتی ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاشرہ جزا اور سزا کے نظام کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا، ہر ذمہ دار شخص اپنی ذمہ داری کا جوابدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بدعنوان اور فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کا محاسبہ ضروری ہے، وہیں فرض کی ادائیگی میں اپنا خون پسینہ بہانے والے اہلکاروں کی ستائش بھی انتہائی ضروری ہے، جس سے وہ پہلے سے زیادہ محنت اور دلجمعی سے کام کریں گے اور ادارے کی نیک نامی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے شیلڈز اور نقد انعامات حاصل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ بھی اسی طرح کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی امید ظاہر کی۔ اس موقع پر پرنسپل منیر قادری اور سابق ڈی ڈی کالجز ارشد بٹ بھی موجود تھے۔