سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)موجودہ ملکی صورتِ حال اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر سیالکوٹ کے مختلف تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں کا مقصد اداروں کی استعدادِ کار اور ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل کی صلاحیت کا جائزہ لینا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "محفوظ پنجاب” کے تحت ضلعی پولیس نے ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر عملی مشقوں میں حصہ لیا۔ اس دوران ایمرجنسی سائرن بجائے گئے، پکار 15 پر فرضی ایمرجنسی کالز کی گئیں جبکہ فورسز نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔

ان مشقوں کا بنیادی مقصد اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن، آپریشنل صلاحیت اور فوری رسپانس کو مزید بہتر بنانا تھا تاکہ حقیقی حالات میں بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

مشقوں کے دوران افسران و جوانوں کو سیکیورٹی انتظامات، ایس او پیز اور ہنگامی ردِعمل کے طریقہ کار کے حوالے سے مکمل بریفنگ بھی دی گئی۔
ڈی پی او فیصل شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ کرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی معاملات میں پنجاب حکومت کے طے کردہ ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔








