سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیورورپورٹ شاہدریاض) رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو نظرانداز کرتے ہوئے انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں معیشت کا پہیہ رک گیا اور عوام کو بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالتے ہی مشکل حالات میں معیشت کو سہارا دیا، جس کے باعث معیشت دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب شاہ آباد کوٹھے ظفر وال روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جوانی ٹیپو، سابق یوسی چیئرمین معراج دین، وائس چیئرمین مظفر چیچی اور ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے نائب صدر خالد بٹ سمیت یونین کونسل جودھے والی کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چودھری فیصل اکرام نے کہا کہ حلقے کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام ان منصوبوں سے طویل مدت تک مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی امنگوں کے مطابق ترقیاتی کام جاری رہیں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
تقریب میں شرکت کے دوران اہل علاقہ نے چودھری فیصل اکرام کا پرتپاک استقبال کیا، گل پاشی کی اور روایتی بینڈ باجے کے ساتھ انہیں بگھی میں بٹھا کر علاقہ کا دورہ کرایا۔ رکن صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا ایک ایک پیسہ عوامی فلاح کے لیے سوچ سمجھ کر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں کے مثبت اثرات دیرپا رہیں۔